23 ستمبر ، 2015
عرفات......سعودی مفتی اعظم نے کہا ہے کہ داعش اسلام کے نام پر مسلم امہ کو تباہ کرنے میں مصروف ہے ،داعش جیسے گروہ اسلام کی غلط تشریحات پیش کرتے ہیں اور یہ مسلمان نوجوانوں کو گمراہی اور تشدد کی راہ پر ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں،مسلمانوں کو فتنے اور فساد کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا ۔
مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امام کعبہ مفتی اعظم شیخ عبدالعزیزآل شیخ نے کہاکہ نبی کریم نےکسی کی جان لینےاورفتنہ پھیلانےسےمنع فرمایاہے ، حکمران عوام کا خیال رکھیں اور انہیں سہولتیں مہیا کریں،اسلام کے علاوہ کوئی دین ، دین حق نہیں ، دین اسلام کو تمام مذاہب پر برتری حاصل ہے، تقویٰ اور اللہ کی اطاعت اختیار کریں، بے شک تقویٰ والے ہی اللہ کے نزدیک ہیں،اللہ نے فرمایا دین حق صرف اور صرف اسلام ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ دینِ اسلام نظریات پر مبنی نہیں بلکہ عملی دین ہے ، دین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے مسلمانوں کو ذلت اٹھانا پڑرہی ہے ،اللہ کا خوف پیدا کرکے ہی زندگی کے معاملات بہتر بنائے جاسکتے ہیں۔اسلام کے دشمن پوری دنیا میں موجود ہیں،مسلمان کسی دوسرے مسلمان کو قتل نہیں کرتا، ہر مسلمان نظام تعلیم بہتر کرنے کی کوشش کرے، اصل زندگی آخرت کی ہے یہ حیات عارضی ہے،حکمران کوشش کریں کہ مسلمانوں کے درمیان محبت رہے ۔
مفتی اعظم نے مزید کہاکہ اسلام کی اصل طاقت امت کی وحدانیت میں پوشیدہ ہے ،اللہ ظلم کرنے والوں کو جلد صفحہ ہستی سے مٹادیتا ہےامت کےنوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ اپنی پوری زندگی ،اسلام کی تعلیمات کے مطابق گزاریں ، بے شک شرک عظیم ترین گناہ ہے ، عذاب جہنم کا موجب ہے ، جہنم میں لے جانے والا ہے ، جس نے اللہ سے شرک کیا ،اس پر جنت کو حرام قرار دے دیتا ہے اور اسکا ٹھکانہ جہنم ہے ،احسان کو اختیار کریں اور ظلم ختم کریں ، معاشرے میں تہذیب کا اجرا کریں ، ہمارے نبی کو اللہ نے رحمت بناکر بھیجا ہے اور یہ دین اسلام کے فضائل میں سے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اے مسلمانو تم پر لازم ہے کہ تم علم دین سیکھو ، دنیا کے دیگر علو م بھی سیکھو ، آج عالم اسلام جدید علوم کے نہ ہونے ے مشکلات کا شکار ہے،اے نوجوانو ، تمہارے لیے ضروی ہے کہ شمال و جنوب کا سفر کرو اور علم حاصل کرو اور علم حاصل کرکے دین کی خدمت کرو ، اپنے اخلاق کو بہتر بنائیں ، کردار کو شاندار بنائیں تاکہ لوگوں کے لیے یہ نمونہ بن سکیں،علما کو چاہیے کہ وہ دین کی طرف اچھے انداز سے دعوت دیں ، دین اسلام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچائیں ، اسلام کا صحیح تصور اور تعلیمات لوگوں تک پہنچائیں ۔