پاکستان
20 مئی ، 2012

صدر ڈاکٹر چشتی کی طرح ڈاکٹر عافیہ کو بھی رہا کرائیں،فوزیہ صدیقی

کراچی…امریکی قید میں پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری سے اپیل کی ہے کہ جیسے انہوں نے ڈاکٹر خلیل چشتی اور بحری قزاقوں سے پاکستانیوں کو چھڑانے کے لئے کردار ادا کیا ہے ویسے ہی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔انہوں نے یہ بات کراچی کے علاقے لیاری چیل چوک سے بکرا پیڑی تک ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری امریکا کے دورے پر ہیں انہیں چاہیے کہ وہ امریکی حکومت سے بے گناہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے بات کریں۔ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے کہا کہ اگر شہید بے نظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو نہ لیاری میں پولیس کا آپریشن ہوتا اور نہ ہی ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی قید میں ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری وفاشعار اور محب وطن لوگوں کا علاقہ ہے اور یہاں کی عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے لیکن آج ایک سازش کے تحت لیاری کو بدنام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عافیہ موومنٹ کے تحت لیاری کے امیج کو بحال کیا جائے گا اور یہاں ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کو اجاگر کریں گے۔

مزید خبریں :