30 ستمبر ، 2015
ایمسٹرڈیم...... اسکاٹ لینڈ کے ایک مسافر نے طیارے کے انٹری ایگزٹ ڈور کو باتھ روم کا دروازہ سمجھ کر کھولنے کی کوشش کی ،لیکن بچت ہوگئی ۔بے پروا مسافر کو طیار ے سے سیدھا تھانے لے جایا گیا اور بھاری جرمانہ الگ تھوپا گیا۔
غائب دماغ اسکاٹش شہری جیمز گرے نے ایڈن برگ سے ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈم جاتے ہوئے 30 ہزار فٹ بلندی پر طیارے کے دروازے کا ہینڈل گھمانا شروع کر دیا،ایسے میں مسافروں اور عملے کے ہوش اڑ گئےاور ان سے زیادہ بے ہوش جیمز کو زوردار آواز میں سیٹ پر بیٹھنے کے لئے کہا گیا،نا صرف یہ بلکہ باقی تمام سفر اسکی کڑی نگرانی کی جاتی رہی ۔
جمیز کو اپنی غلطی کااحاس ہوچکا تھا، لیکن طیارہ لینڈ کرتے ہی پولیس نے حراست میں لیکر اسے پوری رات کے لئے جیل میں ڈال دیا اور مسافروں کا دل دہلانے کے جرم میں بھاری جرمانہ بھی ٹھونک دیا۔
جیمز نے صرف جرمانے کا نقصان ہی برداشت نہیں کیا بلکہ ریٹرن ٹکٹ کینسل ہوجانے کی صورت میں اسے ادھار لیکر دوسری ائیرلائن سے واپس آنا پڑا۔اب وہ اگلے 5 سالوں تک رائل ڈچ ائرلائن کے کسی بھی طیارے کے قریب بھی نہیں پھٹک سکتا۔