27 جنوری ، 2012
کراچی … جے یو آئی (ف) کی اسلام زندہ باد کانفرنس میں پیش کی گئی قرار دادیں منظور کرلی گئیں، کانفرنس کے شرکاء نے سندھ کی تقسیم کے خلاف، صوبہ بہاولپور کی بحالی، ہزارہ اور سرائیکی صوبوں کی تشکیل کی حمایت کردی۔ مزار قائد سے متصل باغ قائد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی اسلام زندہ باد کانفرنس میں سینیٹر خالد محمود سومرو نے قرار داد پیش کی جسے شرکاء نے منظور کرلیا۔ قرار داد میں سندھ کی تقسیم کے خلاف، صوبہ بہاولپور کی بحالی، ہزارہ اور سرائیکی صوبوں کی تشکیل کی حمایت کی گئی۔ قرار داد کے مطابق کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا شکار بننے والوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ جے یو آئی (ف) کی کانفرنس کے شرکاء نے کے ای ایس سی ملازمین کے مسائل حل کرنے، نجکاری کے خاتمے اور کے ای ایس سی کو حکومتی تحویل میں لینے کی قرار دادبھی منظور کرلی۔