02 اکتوبر ، 2015
راولپنڈی.......ڈینگی مچھر نے راولپنڈی کے شہریوں کا جینا حرام کر دیا، 830 افراد ڈینگی کا شکار ہو گئے ۔اس مہلک مچھر سے بچاؤ کے لیے کوئی خاص اقدامات بھی نہیں کیے گئے۔
ڈینگی مچھر خطرناک بھی ہے اور جان لیوا بھی۔ اس سال تو قاتل مچھر کا زور بہت زیادہ ہے۔ اگست سے اب تک راولپنڈی کے 830 شہریوں کو شکار بنا چکا، ایک خاتوں جاں بحق بھی ہو چکیں ۔ پچھلے سال اس عرصے میں ڈینگی کے صرف 60 مریض تھے۔
جیوٹیم رواں سال ڈینگی زیادہ پھیلنے کی وجہ جاننے ہولی فیملی اسپتال پہنچی تو ڈی ایم ایس ڈاکٹر سلیم بوکھلا گئے ۔ ڈینگی کے مریض بہت زیادہ ہیں اور طبی عملہ شاید اسی لیے کچھ بوکھلاہٹ کا شکار ، مریضوں کے اہل خانہ کو ڈھیروں شکایات ہیں۔
راول پنڈی میں انسداد ڈینگی کے طبی عملے کی تعداد 300 سے بڑھا کر 1400 کردی ہے ، ماہانہ ڈھائی کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں ، مچھر مار اسپرے تک تو کیا نہیں جارہا۔