21 مئی ، 2012
کراچی…آل سندھ صراف ایسوسی ایشن کے صدر ہارون چاند نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ آئندہ بجٹ میں مقامی سطح پرفی تولہ سونے کی درآمدی ڈیوٹی کم کرکے 100 روپے تک کی جائے۔صدر آل سندھ صراف ایسوسی ایشن ہارون چاند جیونیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کیا اس وقت فی تولہ سونے پر درآمدی ڈیوٹی ایک فیصد ہے جو تقریباً 550 روپے ہے جس کو کم کر کے 50 سے 100 روپے کیا جانا چاہیئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سونے کی قیمتوں میں بے انتہا اضافے کے باعث سونے کی مانگ میں بہت زیادہ کمی آئی ہے جس کی باعث کاروبار کو نقصان پہنچا ہے۔ ہارون چاند نے مزید کہا کہ سونے کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ روپے کی قدر میں کمی سے بھی مقا می مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس صور حال کے پیش نظر حکومت کو چاہیئے کی ایسے برآمدکنند گان جو کہ 10 کلو گرام طلائی زیورات برآمد کر رہے ہیں ان کے لئے 3کلوگرام سونے پر درآمدی ڈیوٹی ختم کرے۔ مقامی سطح پر سونے کی فی تولہ قیمت 55 ہزار 500روپے ہے۔ہارون چاند نے مزید کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے سے قبل اوسط یومیہ 40 ہزار تولہ تک سونا درآمد کیا جاتا تھا جو اب 5 ہزار تولے سے بھی کم کی سطح پر آگیا ہے۔