27 جنوری ، 2012
لاہور … ری ایکشن والی دوا تیار کرنے والی 3 فیکٹریوں کے مالکان کو عدالت نے مزید 5 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، جبکہ دوسری جانب لاہور میں ادویات کے ری ایکشن سیدو مزید مریض چل بسے۔ مضر صحت دوا بنانے کے الزام میں گرفتار 3 فیکٹری مالکان کو 3 روز کا ریمانڈ مکمل ہونے پر آج مقامی جج عرفان بسرا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں ایف آئی اے کی درخواست پر عدالت نے تینوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 5 روز کی توسیع کردی، ادھر سیشن کورٹ لاہور نے پی آئی سی کے ایم ایس اور سیکریٹری صحت کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کے لئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اندراج مقدمہ کی درخواست ایک شہری احمد رضا نے دائر کی ہے جس کا بھائی پی آئی سی میں جاں بحق ہوا۔ دوسری جانب ادویات کے ری ایکشن نے لاہور میں دو مزید مریضوں کی جان لے لی۔ اردو بازار کا 60 سالہ محمد گلاب میو اسپتال جبکہ منڈیانوالہ کا 66 سالہ منیر گھرکی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بتائے گئے اعدادو شمار کے مطابق یہ تعداد 105 ہے۔