27 جنوری ، 2012
اسلام آباد… چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک نے اسلامی نظریاتی کونسل کی تیار کردہ تمام رپورٹس اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، قانونی تقاضا ہونے کے باوجود اسلامی نظریاتی کونسل کی گزشتہ 15 سال سے کوئی بھی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش نہیں کی گئی۔چیئرمین سینیٹ نے اس عرصے کے دوران اسلامی نظریاتی کونسل کی تیارکردہ رپورٹس آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیرمذہبی امور خورشید شاہ نے ایوان کو بتایا کہ کونسل کی اب تک 80 رپورٹس جاری کی گئی ہیں، جن میں سے صرف 16 پارلیمنٹ میں پیش کی گئیں۔ پروفیسر خورشید نے اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹس ایوان میں پیش نہ کرنے کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیا، جس پر وزیرمذہبی امور خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 2006 میں وزارت قانون سے رائے لی گئی تو اس نے یہ رپورٹس لائبریری میں رکھنے کیلئے کہا اور 2010 میں دوبارہ رجوع کیا گیا تو اس کا موٴقف تھا کہ ان رپورٹس کو ایوان میں پیش کیا جانا ضروری ہے۔