13 اکتوبر ، 2015
نواب شاہ........نواب شاہ کے علاقےمنوآباد میں سٹی اسپتال کامنصوبہ 7 سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکا، منصوبہ فنڈز رک جانے کے باعث التوا کا شکار، چوروں نے دروازے اورکھڑکیاں بھی نہ چھوڑیں،اسپتال کی دیواروں سے اینٹیں تک چُرالی گئیں۔
سات سال پہلےڈیڑھ لاکھ سے زائد آبادی والے علاقے منوآباد میں شہریوں کو علاج معالجےکی سہولت فراہم کرنے کے لئے قادر پاک میں 30 بستروں پر مشتمل سٹی اسپتال کا منصوبہ شروع کیاگیاتھا۔ منصوبے کے آغاز پر علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی مگر ہرگزرتے سال کے ساتھ ساتھ یہ خوشی مایوسی میں بدلتی گئی ۔
سٹی اسپتال کا منصوبہ فنڈز رک جانے کے باعث گزشتہ 7سالوں سےالتواء کا شکار ہے اور اب زیر تعمیر عمارت،کچرے کا ڈھیر، آوارہ کتوں،گدھوں اور مویشوں کے آرام کی جگہ اور منشیات کے عادی افراد کی آماجگاہ بن چکی ہے۔ تعمیراتی سامان ،کھڑکیاں، دروازے،اور دیواریں توڑ کر اینٹیں تک چوری ہوچکی ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسپتال کے فنڈر جاری کرتے ہوئے تعمیر کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔