پاکستان
22 مئی ، 2012

ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان سے نوازشریف کی ملاقات

ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان سے نوازشریف کی ملاقات

اسلام آباد…مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردوان سے ملاقات میں کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے دوسرے ملکوں کے بجائے ترکی سے بات کرنا قابل فخر ہونا چاہئے۔نواز شریف اور ترک وزیر اعظم کی ملاقات اسلام آباد کے ہوٹل میں ہوئی۔ دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اورخطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ ترکی جیسے دوستوں کے ساتھ یہ تفریق یا تمیز نہیں کہ کون حکومت میں ہے اور کون اپوزیشن میں۔ انہوں نے قدرتی آفات اور مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان سے بھرپور تعاون پر ترکی کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، ترک وزیر اعظم نے پاکستان کی حمایت اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی سطح پر بھی ترکی کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینا چاہئے۔اس سے پہلے مری میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے ترک ارکان پارلے منٹ کے وفد سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے ترکی کے وفد کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور انہیں لاہور کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ ترک ارکان پارلے منٹ کا وفد نومبر میں لاہور کا دورہ کرے گا۔

مزید خبریں :