22 مئی ، 2012
اسلام آباد…وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ( بدھ کو) اسلام آباد میں ہو گا جس میں کراچی سمیت ملک میں امن و امان کی صورت حال، بجلی بحران اور سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کی نظر ثانی اپیل کے حوالے سے امور پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دس نکاتی ایجنڈا زیر غور آنے کی توقع ہے جس میں وہ امور بھی شامل ہیں جن پر گزشتہ اجلاس میں بجلی بحران کا ایشو حاوی رہنے کے باعث بات نہیں کی جا سکی تھی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی جبکہ گزشتہ اجلاس کے فیصلوں خصوصا ًبجلی کی لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر قائم کمیٹی سے بریفنگ لی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ، بینوولنٹ فنڈ اور گروپ انشورنس ایکٹ میں تبدیلی کی تجویز منظوری کے لیے پیش کرے گی ،اجلاس میں وفاقی بجٹ کی حکمت عملی کا پیپر پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے جب کہ مختلف ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا۔