27 جنوری ، 2012
کراچی … جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ظالم حکمرانوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اور ہمیشہ قوم کو دھوکا دیا ہے۔ کراچی کے باغ قائد میں جے یو آئی ف کی اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکمران بتائیں بلوچستان کے عوام کا کیا قصور ہے، ظالم حکمرانوں نے ہمیشہ قوم کو دھوکا دیا اور قوم کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلیوں کا قتل عام کیا گیا لیکن انہوں نے ملک کے خلاف نعرے نہیں لگائے، گھر بار لٹا کر پاکستان آنے والوں کو خوابوں کی تعبیر نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری، مہنگائی اور لوٹ مار مچی ہوئی ہے، حکومت ملی تو بنیادی تنخواہ ایک تولہ سونے کی قیمت کے برابر کردیں گے۔