27 جنوری ، 2012
اسلام آباد … پاک بھارت جوڈیشل کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کے تین شہروں کی جیلوں میں 189 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط کے مطابق قیدیوں کیلئے بنائی گئی پاک بھارت جوڈیشل کمیٹی کا پانچواں اجلاس بھارت میں ہوا۔ جس میں بتایاگیاکہ کمیٹی کے ارکان نے 23 سے 27 جنوری تک دہلی، جے پور اور امرتسر کی جیلوں کادورہ کیا۔ دہلی میں 46، جے پور میں 98 اور امرتسر میں 45 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔ کمیٹی نے موٴقف اختیار کیا کہ دونوں ممالک کو قیدیوں کی قونصلر تک رسائی کے معاہدے پر عملدرآمد کرنا چاہئے، خواتین، ذہنی مریضوں اور بوڑھوں کے لئے انسانی بنیادوں پر اقدامات کئے جانے چاہئیں، شدید جسمانی یا ذہنی عارضہ میں مبتلا قیدیوں کو اسپتالوں میں رکھا جائے اور معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کے ساتھ نرم سلوک روا رکھا جائے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کمیٹی ارکان اپریل میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔