23 مئی ، 2012
اٹک … مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ جس نے مجھے قید کیا آج وہ خود ملک سے باہر ہے، پرویز مشرف بڑا کمانڈر بنا پھرتا تھا امریکا سے ایک فون آیا اور ڈھیر ہوگیا، صدر زرداری سے شکاگو میں امریکی صدر نے ملنا بھی گوارا نہیں کیا، پی پی کو اقتدار میں لانے اور زرداری کو صدر بنانے میں ہمارا کوئی کردار نہیں تھا۔ اٹک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے اٹک جیل میں ڈالنے والا آج خود ملک سے باہر ہے، میں ووٹ مانگنے نہیں آیا، میری زندگی خدمت کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کو اقتدار میں لانے اور زرداری کو صدر بنانے میں ہمارا کوئی کردار نہیں تھا، صدر زرداری سے شکاگو میں امریکی صدر نے ملنا بھی گوارا نہ کیا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ پرویز مشرف بڑا کمانڈر بنا پھرتا تھا، امریکا سے ایک فون آیا اور ڈھیر ہوگیاْ، موجودہ حکمران کشکول لئے بھیک مانگتے پھرتے ہیں، بھیک مانگنے والوں سے کوئی معافی نہیں مانگتا۔ انہوں نے کہا کہ اٹک میں سڑک بنانے کیلئے 100 نہیں 200 کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔