23 مئی ، 2012
اسلام آباد…وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ تمام جیلوں میں جیمرلگانے کااین اوسی جاری کرنے کافیصلہ کیاہے جبکہ نادرا کا ایک ونگ جیلوں میں قید اور سزا یافتہ افراد کا ڈیٹا اکھٹا کرے گا۔ اسلام آباد میں وزیر داخلہ کی صدارت میں جیلوں میں سیکیورٹی کی صورت حال بہتر بنانے سے متعلق اجلاس ہوا۔جس کے بعد وزیرداخلہ نے میڈیاکوبتایاکہ سی ڈی اے کو اسلام آباد میں جیل کی تعمیر کے لئے اراضی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور وفاقی دارالحکومت میں ایک تھانے کو عارضی جیل کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام جیلوں کا رکارڈ کمپیوٹرائزڈ اور سنٹرلائز کیاجائے گا۔ صوبائی حکومتوں کی درخواست پر جیل سیکیورٹی کے لئے ایف سی اور رینجرز طلب کی جاسکے گی۔ کراچی کے واقعات پر سندھ ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے۔وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ بلوچستان میں تحریک کا سامنا ہے اور مسخ شدہ لاشیں ملنے پر تشویش ہے،لاپتہ افراد آج سے نہیں بلکہ یہ معاملہ 15 سال سے چل رہا ہے،لاپتہ افراد کے ساتھ ایف سی کے شہیدوں کا نام بھی آنا چاہئے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تناظر میں شریف برادران کو نوٹس بھیجے ہیں، انہیں اپنا موقف پیش کرنے کے لئے تفتیشی حکام کے سامنے پیش ہوجانا چاہئے۔