پاکستان
23 مئی ، 2012

حکومت نے دہشتگردوں کو سندھ کا امن برباد کرنیکی چھوٹ دیدی، پلیجو

 حکومت نے دہشتگردوں کو سندھ کا امن برباد کرنیکی چھوٹ دیدی، پلیجو

سکھر…عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو کا کہنا ہے کہ حکومت نے دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے دی ہے کہ وہ سندھ خصوصاً کراچی کا امن و سکون خراب کریں، سندھ کے حالات بگاڑنے میں موجودہ حکمرانوں کا اپنا ہاتھ ہے۔ کراچی میں عوامی تحریک کی محبت سندھ ریلی کے دورا ن پر تشدد واقعات اور جئے سندھ کے راہنما مظفر بھٹو کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف سکھر میں وکلاء برادری نے ڈسٹرکٹ بار سے احتجاجی ریلی نکالی اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ریلی میں عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو نے بھی شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے رسول بخش پلیجو نے کہاکہ کراچی میں حالات کی خرابی کی ذمہ دار حکومت ہے، موجودہ حکومت نے دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے دی ہے کہ وہ جب چاہیں نہتے لوگوں پر گولیاں چلائیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمران ووٹ پاکستان کے عوام سے لیتے ہیں اور احکامات باہر کے لوگوں کے مانتے ہیں۔ ماضی کے پر تشدد واقعات میں دس ہزار سندھی ہلاک کئے گئے، خواتین کی بے حرمتی کی گئی لیکن ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو ئی اسی لیے دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔

مزید خبریں :