23 مئی ، 2012
واشنگٹن … امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین کارل لیون اور اہم رکن سینیٹر جان مک کین نے نیٹو سپلائی کیلئے پاکستان کی طلب کردہ فیس کو بھتہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کو اتنی بھاری فیس ادا نہ کرے۔ امریکی جریدے کو انٹرویو میں جان مک کین نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق پاکستان فی ٹرک 5 ہزار ڈالر فیس طلب کررہا ہے۔ ان کے خیال میں اسے بھتہ کہتے ہیں، امریکا امداد کو اس زمرے میں نہیں دیکھ سکتا، اب یہ اصولی معاملہ بنتا جارہا ہے۔ سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین کارل لیون کا کہنا تھا کہ امریکا سیکیورٹی کیلئے پاکستان کو جو فیس ادا کررہا تھا اس کے مقابلے میں یہ مطالبہ نامناسب ہے، امریکا کو کبھی اتنی زیادہ فیس پاکستان کو ادا نہیں کرنی چاہئے۔