23 مئی ، 2012
اسلام آباد …سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر یسین آزاد کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ عدالت عظمی کے فیصلوں پر عمل د رآمد کے ذریعے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے پنجاب ہاوٴس اسلام آباد میں ہونیو الی ملاقات کے دوران سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے میاں نواز شریف کو ملک میں قانون کی بالا دستی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر میاں نواز شریف نے کہا کہ حکمرانوں نے عدلیہ کے فیصلوں کی حکم عدولی کر کے ایک بار پھر قوم کو وہیں لا کھڑا کیا ہے جہاں سے عدلیہ کی آزادی کی تحریک شروع کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ان کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں وہ ملک و قوم کے مفاد میں اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔میاں نواز شریف نے کہا کہ عدالت جس شخص کو سزا سناتی ہے حکومت اسے کسی اعلی منصب پر فائز کر دیتی ہے،وزیر اعظم سزا یافتہ ہونے کے باوجود عہدہ چھوڑنے پر تیار نہیں۔اس سے قبل مصر کے سفیر اور آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے بھی میاں نواز شریف سے الگ الگ ملاقات کی۔