27 جنوری ، 2012
پشاور … تحریک انصاف کے رہنما افتخار خان جھگڑا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس صوبے کے 100 حلقوں کیلئے 500سے زیادہ امیدوار ہیں تاہم ٹکٹ صرف انہیں ملے گا جن کا دامن کرپشن سے پاک ہو۔ پشاور کے نواحی علاقہ شگئی ہندکیان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے افتخار جھگڑا نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس امیدواروں کی کوئی کمی نہیں تاہم ٹکٹ صرف ان لوگوں کو ملے گا جو بے داغ اور کرپشن سے پاک ماضی کے حامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام افراد تحریک انصاف میں ٹکٹ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے جنہوں نے کبھی کرپشن نہ کی ہو اور ان کا ماضی بے داغ ہو۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف نمایاں کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت میں آنے کے بعد موجودہ حکمرانوں کی ساری کرپشن بے نقاب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل اور خواتین اپنا ووٹ رجسٹرڈ کرائیں اور اگلے الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیں کیونکہ اس ملک کو صرف تحریک انصاف ہی بچا اور چلا سکتی ہے۔