24 مئی ، 2012
کراچی … خورشید عباسی … اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس سندھ لیاقت علی خان سمیت 21 افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ اینٹی کرپشن کورٹ نے کلفٹن میں بے نظیر بھٹو شہید پارک کے تعمیراتی کام میں 21 کروڑ روپے کے غبن کے الزام میں حکومت سندھ کے افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کے حکم پر 25 جنوری کو تحقیقات شروع کی گئی تھی جس کے بعد 4 مئی 2012ء کو سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس سندھ لیاقت علی خان سمیت 21 افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کی گی تھی۔ غبن کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کورٹ نے تمام افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے 20 سے زائد پارکس کی تعمیر کے کام میں خورد برد کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔