21 نومبر ، 2015
اسلام آباد.......راولپنڈی میں عمارت کی تیسری منزل سے گر کر لڑکی کی پراسرار ہلاکت کے بعد فلیٹ کے ایک اور رہائشی کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم کہتا ہے تہمینہ میری بیوی تھی، لڑکی کی ماں کہتی ہے ملزم عمیر اس کی بیٹی سے زبردستی شادی کرنا چاہتا تھا۔
پولیس کہتی ہے دونوں دوست تھے، سی ایس ایس کی تیاری کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق چکوال کی20 سالہ تہمینہ اور وہاڑی کا عمیر فیس بک پر رابطے میں تھے اور دونوں سی ایس ایس کی تیاری کررہے تھے۔
لڑکی تین روز قبل چکوال سے اسلام آباد آئی اور لڑکے کے پاس گئی۔ لڑکی نے آخری کال اپنی ماں کو کی اور بتایا کہ لڑکا زبردستی اس سے شادی کرنا چاہتا ہے۔
پولیس نے ملزم عمیر کو گرفتار کرلیا، اس نے اپنے بیان میں کہاہےکہ لڑکی اس کی بیوی تھی اوراس نے خودکشی کی۔اس نے روکنے کی کوشش کی جس پر اس کے پاؤں پربھی موچ آئی۔
تاہم لڑکی کی ماں نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی غیر شادی شدہ تھی اور یونیورسٹی سے سیکیورٹی ری فنڈ لینے آئی تھی۔فی الحال لڑکا واحد ملزم ہے،جس نے اپنے دوست سے فلیٹ لے رکھا تھا۔
لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پولیس کاکہناہےکہ لڑکی کےساتھ زیادتی کےبارےمیں پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی رائے دی جاسکتی ہے۔