23 نومبر ، 2015
ایبٹ آباد ........ایبٹ آباد کے گاؤں میں پہاڑ سرکنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے مین شاہراہ بند ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے تباہ ہونے والی شاہراہ کا سروے کرلیا گیا ہے ۔ آج سے متبادل شاہراہ کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔
تحصیل حویلیاں کے 50 گھروں پر مشتمل گاؤں پونا میں ہفتہ کی شب پہاڑ کا ایک حصہ سرک کر ناڑا جبری روڈ اور ندی دوڑ میں جا گرا جس سے ندی کا بہاؤ رک گیا اور شاہراہ بلاک ہوگئی۔ لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑ سرکنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر آگئے۔
ڈپٹی کمشنر خالد محمود کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے تباہ ہونے والی شاہراہ کے لئے آج سے متبادل شاہراہ کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر انتظامیہ نے 11 مکانات خالی کرالئے ہیں اور لوگ علاقے سے منتقل ہوگئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں خیمے، ادویات اور کھانے پینے کا سامان پہنچادیا گیا ہے۔ مقامی کونسلر سردار نواز نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ گرنے والے پہاڑ میں حالیہ زلزلے کے بعددراڑ پڑ گئی تھی۔