پاکستان
23 نومبر ، 2015

کراچی فش ہاربر پر چینل جام ،3دن سے لانچز کی آمد و رفت معطل

کراچی فش ہاربر پر چینل جام ،3دن سے لانچز کی آمد و رفت معطل

کراچی..... افضل ندیم ڈوگر...... کراچی فش ہاربر پر 3 دن سے چینل جام ہونے سے ماہی گیروں کی لانچز کی آمد و رفت معطل ہے۔

فشری ذرائع کے مطابق جمعرات کو جیٹی پر آمدورفت کے دوران لانچیں پھنس گئی تھیں، جنہیں نکالنے کی اپنی مدد ۢآپ کے تحت کوشش کی گئی جو ناکام ہوئی، جس کے بعد ماہی گیری کے بعد مزید لانچز پہنچتی رہیں اور اتوار کی شام فش ہاربر کی برتھ نمبر 1 سے 10 تک کوئی لانچ نہیں پہنچ سکی تھی۔

ذرائع کے مطابق فشری میں ماہی گیروں کی چھٹی بڑی لگ بھگ 150 لانچیں ماہی گیری کے لئے روانہ ہونے کے لئے تیار کھڑی ہیں، مگر انہیں باہر نکلنے کا راستہ نہیں مل رہا۔ماہی گیروں کے مطابق اسی طرح فشنگ کرکے واپس پہنچنے والی 70 سے زائد لانچز جیٹی پر لگنے کے لئے سمندر میں کھڑی ہیں اور ان میں موجود کروڑوں روپے کی مچھلی اور جھینگا خراب ہونے کا خدشہ ہے، اس صورتحال سے ماہی گیر سخت پریشان ہیں۔

لانچ مالکان کے مطابق چینل کھولنے کیلئے فشری انتظامیہ اپنا کردار ادا نہیں کررہی ہے، فشری کے بیشتر افسران دو دن کی چھٹی کے بعد بھی اپنے گھروں پر بیٹھے ہیں۔ جیو نیوز کی جانب سے رابطہ کرنے پر صبح 10 بجے اپنے گھر پر موجود ایک عہدیدار نے اس معاملے کو پہلے سرسری لیا پھر بتایا کہ گزشتہ روز اس سلسلے میں شکایت ملی ، اتوار کو چینل کھولنے کی ہدایت کردی تھی۔ ایک انتظامی عہدیدار سلیم دیدک نے بتایا کہ چینل کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں دوپہر تک سورتحال نارمل ہوجائے گی۔

مزید خبریں :