27 نومبر ، 2015
اسلام آباد........ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ترامڑی چوک پر جلسہ گاہ پہنچ گئے ہیں۔
تحریک انصاف آج اسلام آباد کے ترامڑی چوک پر اپنی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے، جلسے میں مرد اور خواتین کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔
اس سے قبل ترامڑی چوک جانے کے تمام راستے بند کردئیے گئے تھے جس کے باعث پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان جلسہ گاہ نہ پہنچ سکے تھے اور واپس بنی گالہ روانہ ہوگئے تھے۔ عمران خان نے اسسٹنٹ کمشنر کامران چیمہ کو بنی گالہ مذاکرات کے لیے بلایا۔
عمران خان دوبارہ جلسے میں شرکت کیلئے بنی گالہ سے روانہ ہوئے اور مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ترامڑی چوک پہنچ گئے۔ عمران خان کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی کئی بڑی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، ایکسپریس ہائی وے، اسلام آباد راول ڈیم روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ جلسے کے پیش نظر انتظامیہ ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہے، انتخابی ضابطہ اخلاق پرہرصورت عملدرآمد کرایاجائے گا۔