29 نومبر ، 2015
لاہور......لاہور تھانہ ریس کورس پولیس نے سرچ آپریشن کرکے ایک نجی ہاسٹل سے پیٹی بھائیوں ،صحافیوں، انجینئرز اور ڈاکٹروں سمیت 45 سے زائد افراد کو کوائف ہونے کے باوجود حراست میں لے لیا،زیرحراست کچھ افراد کا آج صبح سی ایس ایس کا امتحان ہے۔لواحقین نے تھانہ ریس کورس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ریس کورس پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران پٹیالہ ہاؤس کے قریب واقع ایک نجی ہاسٹل پر چھاپہ مارا اور اس میں رہائش پذیر 45 کے قریب افراد کو حراست میں لے لیا جن میں 3 صحافی بھی شامل ہیں۔
حراست میں لیے گئے افراد کے لواحقین نے تھانہ ریس کورس کے باہر پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حراست میں لیے گئے افراد میں 3 صحافی،2 اے ایس آئی،ایک پی ڈبلیو ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت متعدد افراد کے پاس شناختی کوائف موجود تھے مگر پولیس انہیں بھی زبردستی ساتھ لے گئی۔
اطلاع ملنے پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری بھی موقع پرپہنچ گئے اور پولیس کے اس اقدام کے خلاف پرزور مذمت کی۔
ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ شناختی کوائف ہونے کے باوجود حراست میں لیے جانا کھلی غنڈہ گردی ہے جس کے خلاف ہم بھرپور احتجاج کریں گے ۔