03 دسمبر ، 2015
اسلام آباد...... دفتر خارجہ کا کہنا ہے ہارٹ آف ایشیاکانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ کی شرکت کی تصدیق کا انتظار ہے، بھارتی سفیر کا پاکستان اور افغانستان سے متعلق بیان سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر قاضی خلیل اللہ نےبتایاکہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کامقصدہمسائیہ ملکوں کےساتھ مل کر دہشت گردی، منشیات، غربت اور انتہا پسندی کے خطرات کا مقابلہ کرناہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین، تاجکستان، کرغستان،ایران اور افغانستان کے وزرائے خارجہ نے کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کردی ہے، بھارتی وزیر خارجہ کی شرکت کی تصدیق کا انتظار ہے۔
قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تعینات بھارتی سفیر کا پیرس میں وزیراعظم نوازشریف اورافغان صدر اشرف غنی کی ملاقات پرتبصرہ سفاری آداب کےخلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے تمام ملکوں سے افغان امن و مصالحت کی کوششوں کی حمایت کی توقع رکھتے ہیں،یہ ایک سفیر کیلئے سفارتی آداب کے خلاف ہے کہ وہ اپنے میزبان ملک اور کسی تیسرے ملک کے باہمی تعلقات کو خراب کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جدہ کی شمیجی جیل میں قید پاکستانیوں کے بارے میں معلومات لے رہے ہیں، سعودی عرب میں 5ہزار کے قریب پاکستانی قید ہیں، جن میں سے 2ہزار 3سو 40حج اور عمرہ ویزا کی خلاف ورزیوں پر گرفتا ر ہوئے۔