پاکستان
14 دسمبر ، 2015

سندھ اسمبلی میں رینجرز سے متعلق قرارداد نہ آج آئی، نہ کل آئے گی

سندھ اسمبلی میں رینجرز سے متعلق قرارداد نہ آج آئی، نہ کل آئے گی

کراچی.......سندھ اسمبلی میں رینجرز سے متعلق قرارداد آج پیش نہیں کی گئی۔ پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ کل بھی قرارداد پیش نہیں کی جائے گی۔

اپوزیشن نے ناراض ہوکر حکومتی ارکان پر چڑھائی کردی،اجلاس کے دوران نعرے لگائے گئے، شور شرابا اور ہنگامہ آرائی ہوئی، قرارداد کی اجازت نہ ملنے پر ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں۔

ایم کیو ایم والوں نے احتجاج میں حصہ نہیں لیا،وزیراعلیٰ ایوان میں خاموش بیٹھے رہے، باہر آکر مبہم جملہ بولے، کہ رینجرز کو اختیار دینے پر کوئی ابہام نہیں۔

سندھ اسمبلی کے ایوان میں اپوزیشن ارکان کا رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کیے جانے پر احتجاج ہوا۔ ایوان کرپشن کا جو یار ہے غدار ہے،دہشت گردوں کا جو یار ہے غدار ہے کہ نعروں سے گونجتا رہا۔

اس جلتی پر تیل کا کام کیا جناب اسپیکر کی جانب سے کہے گئے ان الفاظ نے کہ رینجرز سے متعلق قرارداد تو آج کے ایجنڈے کا حصہ ہی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایوان کا بزنس زیادہ ضروری ہے۔

آغا سراج درانی اسپیکر سندھ اسمبلی نے ایوان میں موجود دو سابق وزرائے اعلیٰ لیاقت جتوئی اور ارباب غلام رحیم سے بھی کہا کہ وہ اپنے اپنے ارکان کو خاموش کروائیں۔

ایک طرف یہ ہنگامہ جاری تھا تو دوسری جانب کراچی آپریشن کے کپتان سائیں قائم علی شاہ ایوان میں چپ کا روزہ رکھے بیٹھے رہے۔

شور شرابا زیادہ بڑھا تو پہلے اسپیکر نے اپوزیشن ارکان کے مائیک بند کروائے، بعد میں گھیراؤ کیے جانے پر اجلاس ہی کل تک کیلئے ملتوی کرڈالا۔یعنی رینجرز اختیارات کا معاملہ اب کل تک کیلئے پھر ٹل گیا۔

مزید خبریں :