14 دسمبر ، 2015
اسلام آباد.......چوہدری نثار نے کہا ہے کہ اتنی کرپشن کی گئی کہ حج اور عمرے کو بھی نہیں بخشا،ذاتی طور پر لیکچر دینے والے کی ڈھائی سال کی کارکردگی بیان کروں تو منہ چھپاتے پھریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پر کوئی ادارہ یا وفاقی حکومت حملہ آور نہیں،کچھ لوگوں نے اپنی غلطیاں چُھپانے کے لیے سندھ کی سیاست کو ڈھال بنارکھا ہے،صوبے کے وسائل پر قابض لوگ حملہ آور ہیں۔
وزیر داخلہ دو دن میں دوسری بار سندھ حکومت پر گرجے برسے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے اپنے بیان میں سندھ حکومت کو خوب سنائیں اور اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا جواب بھی دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے اپنی غلطیاں چُھپانے کے لیے سندھ کی سیاست کو ڈھال بنارکھا ہے،ان کی کارستانیوں اور مقدمات پر کتابیں لکھی جاسکتی ہیں،اتنی کرپشن کی گئی کہ حج اور عمرے کو بھی نہیں بخشا،لیکچر دینے والوں کی ڈھائی سال کی کارکردگی بیان کروں تو منہ چھپاتے پھریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں نے اپنی غلطیاں چھپانے کے لیے سندھ اور پاکستان کی سیاست کو ڈھال بنا رکھا ہے، کوئی ادارہ جواب طلبی کرلےتواسے سندھ پرحملے سے تشبیہہ دیتے ہیں،سندھ پر کوئی ادارہ یاوفاقی حکومت حملہ آور نہیں بلکہ سندھ کی زمینوں اور وسائل پر قابض لوگ سندھ پر حملہ آور ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے، وفاقی حکومت کی ہدایت پر کارروائی نہیں کرتا، کراچی آپریشن صوبائی حکومت نے نہیں وفاق نے شروع کیا، سندھ حکومت تو ایف آئی اے پر بھی حملہ آور ہورہی ہے،کراچی آپریشن کے دوران ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، اے این پی اور سنی تحریک کے کچھ لوگ بھی گرفتار ہوئے لیکن کسی سیاسی جماعت نے آپریشن پر ایسے سوال نہیں اٴٹھائے جیسے سندھ حکومت اٹھا رہی ہے،آپریشن کی اچھی بھلی رفتار منجمد کردی گئی،سربیا سے درآمد سیکنڈ ہینڈ اے پی سیز کے لیے پیسہ نہیں دیں گے۔
چوہدری نثارکہتےہیں کہ کچھ لوگ ان کی ذات پرسیاسی حملے کریں تووہ جواب کاحق رکھتےہیں، وہ بطور اپوزیشن لیڈر اپنےذاتی کام کے لیے کبھی وزیراعظم گیلانی کے پاس گئے نہ راجاپرویزاشرف کے پاس۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان میں ای او بی آئی، ٹی ڈی اے پی، سوئی گیس کمپنی اور پی آئی اے تک کارستانیوں پر کتابیں لکھی جاسکتی ہیں۔