14 دسمبر ، 2015
ملتان.......آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی یاد میں ملتان، سرگودھا، چارسدہ اورمظفر آباد میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ کئی مقامات پر شمعیں بھی روشن کی گئیں۔
ملتان میں ضلعی انتظامیہ کے تحت قلعہ کہنہ قاسم باغ سے چوک کچہری تک ریلی نکالی گئی جبکہ حرم گیٹ چوک پر تاجروں کی جانب سے سانحہ پشاورکے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔
پولیس لائن سرگودھا میں شہدائے پشاورکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد کی گئی، جس میں بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کر کے شہداء کے لواحقین سے اظہاریک جہتی کیا۔
چارسدہ میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نستہ کو اے پی ایس کے شہید طالب علم شہود عالم کے نام سے منسوب کرنے کی خصوصی تقریب ہوئی۔
مظفرآباد میں آزادکشمیرحکومت، وزرا اور سول سوسائٹی کے افراد نےآرمی پبلک اسکول پشاورکے شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کیں اوران کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔