14 دسمبر ، 2015
مالاکنڈ .......چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ سندھ میں رینجرز نے دہشتگردوں اور ان کے مدد گاروں پر ہاتھ ڈالا تو سب اکھٹے ہوگئے،ایم کیوایم سے مخالفت کے باوجود کراچی میں ان کے میئر کو اختیارات دلانے کیلئے ساتھ دیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع شانگلہ میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے مخالفت کے باوجود کراچی میں ان کے میئر کو بلدیاتی حقوق دلانے کیلئے ساتھ دیں گے،پہلے ہم اور ہماری جماعت دھاندلی کا کہتے تھے اب ن لیگ والے بھی کہہ رہے ہیں۔
لودھراں پہنچنے پر عمران خان نے بہاولپور ٹول پلازا پر ریلی سے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رشوت دینا اور ووٹ خریدنا ن لیگ کا کام ہے۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر حمزہ شہباز کی جگہ الیکشن کمیشن کو اصل نوٹس نواز شریف کو جاری کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے لودھراں کے لئے ڈھائی ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا، ن لیگ نے پولیس کے ذریعے انتخابات جیتے، پنجاب پولیس سیاسی ہوچکی ہے اس پر اعتماد نہیں ہے،ملک سے اگر غربت ختم کرنی ہے تو پہلے امن قائم ہونا چاہیے۔
لودھراں میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو تو فری اینڈ فیئر الیکشن کا مطلب ہی نہیں پتا، ن لیگ نے جب بھی میچ کھیلا امپائر ساتھ ملاکر کھیلا ہے، وہمجھےٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنے کی کوشش کرے گی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ این اے 122 میں 53 ہزار غیرقانونی ووٹ تھے، کسی کا کوئی احتساب نہیں ہوا، اسی لئے دھاندلی رکتی نہیں ہے۔