15 دسمبر ، 2015
کراچی.....پی آئی اے کی نج کاری کے خلاف ملازمین کی تنظیموں کا احتجاج شدت اختیار کرگیا ، جوائنٹ ایکشن کمیٹی آف پی آئی اے ایمپلائز نے آج سے 2گھنٹے کی علامتی ہڑتال کا اعلان کردیا۔
پی آئی اے ملازمین کی تمام منتخب تنظیموں پرمشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت کراچی میں پی آئی اے ہیڈ آفس پراحتجاجی مظاہرہ ہوا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ناکام مذاکرات کے بعد مزدور رہنماؤں نے احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں آج سے روزانہ 2گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے ۔
کراچی میں پی آئی اے ہیڈ آفس، لاہور ، اسلام آباد ، کوئٹہ اور پشاور کے علاوہ ملک بھرکے دفاتر ، سینٹرل ریزرویشن کنٹرول ، فلائٹ کچن ، اسٹورز اور انجینئرنگ سمیت تمام شعبہ جات صبح 9بجے سے دن 11بجے تک بند رکھے جائیں گے ۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صدارتی آرڈیننس اور پی آئی اے کی نج کاری کا فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی ۔ ملازمین کے احتجاج کی باعث صبح کے اوقات میں پی آئی اے کی پروازیں متاثر ہونے کا امکان ہے ۔