25 دسمبر ، 2015
لاہور........بھارتی وزيراعظم نریندر مودی پونے تین بجے لاہور پہنچیںگے ۔انہوں نے سماجی ویب سائٹ پر پیغام دیا کہ کابل سے دلی جاتے ہوئے وہ لاہور رکیں گے ۔بھارتی وزیر اعظم نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہارکیا ہے ، پاکستانی ہم منصب کو سالگرہ کی بھی مبارکباد بھی دی ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندرمودی دوپہر2 بجکر 45 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ نوازشریف اور نریندر مودی ملاقات کیلئے لاہورایئرپورٹ پر بھی انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا جاتی عمرہ جانے کا بھی امکان ہے۔ملاقات میں نوازشریف نریندر مودی کو پاکستان آنےکی باضابطہ دعوت دیں گے۔دونوں رہنماؤں میں ڈیڑھ سے دو گھنٹے ملاقات ہوگی۔میٹھے میں نریندرمودی کی تواضع کھیر سے کی جائے گی۔
وزیراعظم ہاؤس نے بھی بھارتی وزیراعظم کے پاکستان آنے کی تصدیق کردی ، ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے کہا ہےکہ لاہور میں وزیراعظم نواز شریف سے نریندر مودی کی مختصر ملاقات ہوگی ، دو طرفہ تعلقات اور دیگر باہمی امور پر بات چیت متوقع ، وزيراعظم لاہور ايئر پورٹ پر خود بھارتی ہم منصب کا استقبال کریں گے ۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کچھ ہی دیر میں لاہور اتریں گے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ بھارتی وزیراعظم لاہورایئرپورٹ پر مختصر قیام کریں گے، بھارتی ہائی کمیشن نے بھارتی وزیراعظم کے دورے کی تصدیق کی۔
نریندر مودی کابل میں افغان پارلیمنٹ کے افتتاح کی تقریب میں شریک تھے۔ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نریندر مودی نے کہا کہ آج دوپہر دہلی واپسی پر وزیر اعظم نواز شریف سے لاہور میں ملاقات ہو گی۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی مودی کی لاہور آمد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پڑوسی سے ایسے ہی رشتے ہونے چاہیے۔
11 سال بعدبھارتی وزیراعظم پاکستان کادورہ کریں گے،بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے2004میں پاکستان کادورہ کیاتھا۔جنوری 2004 میں سابق بھارتی وزیراعظم نےپرویزمشرف سےملاقات کی تھی۔