پاکستان
31 دسمبر ، 2015

کراچی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر پولیس کا سیکیورٹی پلان

کراچی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر پولیس کا سیکیورٹی پلان

کراچی........کراچی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر امن و امان قائم رکھنے کیلئے سندھ پولیس کی جانب سے 3 ہزار 900 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائینگے۔ ڈیفنس اور کلفٹن سے ساحل جانے والے راستوں کو مکمل طور پر بند کردیا جائیگا۔

سندھ پولیس کی جانب سے کراچی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر امن و امان کی بہتری اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے 3900سے زائداہلکاروں کی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی نفری اس کے علاوہ ہے، کسی بھی قسم کا اسلحہ لے کر چلنے اور آتش بازی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

ڈیفنس اور کلفٹن سے ساحل سمندر جانے والے تمام راستوں کو آج شام بند کردیا جائیگا، جبکہ ان علاقوں میں موجود کاروباری حضرات سے اپنا کاروبار جلد بند کرنے کی بھی گذارش کی گئی ہے۔نئے سال کے موقع پر جن سڑکوں کو بند کیا جائیگا ان میں کورنگی اور اختر کالونی سے سی ویوز جانے والی سڑک بند کردی جائیگی۔

اس کے علاوہ بوٹ بیسن سے بلاول ہاوس جانے والی روڈ اور سن سیٹ بولیوارڈ سے پنجاب کالونی جانے والی روڈ بھی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوگی، خیابان اتحاد سے ایکسپریس وے کی طرف جانے والے ٹریفک کو کورنگی روڈ، تین تلوار اور دو تلوار کی جانب منتقل کردیا جائے گا۔ اس موقع پر کلفٹن اور ڈیفنس کے علاقہ مکینوں کو اپنا شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :