31 دسمبر ، 2015
کراچی.......سال 2015 یوں توسب لوگوں کے لئے بہت سے تبدیلیاں لے کر آیا اور کئی خوشگوار اور افسردہ یادوں کے ساتھ رخصت ہورہا ہے،جس کے دوران کئی اہم شخصیات ہم سے بچھڑ گئیں۔
گزرے ہوئے لمحات پر ایک نظر ڈالیں تو اس سال بہت سے ملکی ،غیر ملکی ادیب ،شاعر،دانشور، فنکار اور رہنما ہمیشہ کے لئے اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ رواں سال ادب کے شعبے سے عہد ساز و قد آور شخصیات کی زندگی کے چراغ بجھ گئے جن میں معروف صحافی، فلم ساز، ہدایت کار اور ادیب علی سفیان آفاقی، ممتاز شاعرہ ادا جعفری، ناول نگار عبداللہ حسین، ماہر قانون، دانشور اور ادیب جسٹس جاوید اقبال، معروف جاسوسی مصنف اشتیاق احمد، ممتازشاعر اور نغمہ نگار جمیل الدین عالی، ممتازاداکار و مصنف کمال احمد رضوی،صدارتی ایوارڈ یافتہ کلاسیکل گائیک استاد غلام حسن شگن، نامور مصنف، شاعر اور کالم نویس عبدالقوی شکور المعرو ف تشنہ بریلوی، بابائے ٹیلی ویڑن اسلم اظہر، سینئر صحافی واحد بشیر اور عبدالقدوس شامل ہیں۔
اسی طرح غیر ملکی فنکاروں میں ہالی ووڈ اداکار کرسٹوفر لی، ہالی ووڈ ایکٹر عمر شریف، بھارتی اداکار سعید جعفری اور اداکارہ سادھنا شیودسانی شامل ہیں۔اس کے علاوہ دیگر غیرملکی اہم شخصیات میں سعودی فرماں رواں خادم الحرمین شریفین شاہ عبداللہ،سنگاپور کے بانی وزیر اعظم لی کو یوان ، ترکی کے سابق فوجی آمر کنعان ، عراق کے سابق نائب وزیراعظم طارق عزیز، ترکی کے سابق صدر سلیمان ڈیمرل ، روس کے سابق وزیراعظم یق گینی پریما کوف ، سابق سعودی وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل اورسابق چانسلر مغربی جرمنی ہیلموٹ شمٹ شامل ہیں جو اس برس ہم سے بچھڑگئیں۔