02 جنوری ، 2016
اسلام آباد......غریب اور مستحق افراد کے لئے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام کے پہلے مرحلے میں ملک بھر سے 23 اضلاع کے 32لاکھ خاندان پروگرام سے مستفید ہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو غریب اور مستحق افراد کے لئے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ۔
پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ملک بھر سے 23 اضلاع کے 32 لاکھ خاندان مستفید ہونگے ۔ پنجاب میں ناروال، خانیوال، سرگودھا اور رحیم یار خان ، خیبر پختونخواہ میں مردان، ملاکنڈ، کوہاٹ اور چترال میں قومی صحت پروگرام پر عمل جاری ۔ سندھ میں شکار پور بدین ، شہید بے نظیر آباد اور سانگھڑ جب کہ بلوچستان میں کوئٹہ ، لورالائی، لسبیلہ اور کیچ میں بھی قومی صحت پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے ۔
پہلے مرحلے میں آزاد کشمیر کے مظفر آباد اور کوٹلی ، گلگت بلتستان کے دیامیر اور سکردو میں قومی صحت پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ اسلام آباد میں 30 ہزار 111 خاندان پروگرام سے مستفید ہونگے ۔ حکومت غریب اور مستحق افراد کو علاج کے لئے 50 ہزار سے 6 لاکھ روپے دے گی ۔
صحت پروگرام کے تحت 7 خطرناک امراض کے علاج کی سہولت دستیاب ہو گی ۔ جن میں امراض قلب ، ہیپاٹائٹس ، گردے ، جگر کی بیماریاں، کینسر اور شوگر کے علاج کی سہولت میسر ہو گی ، قومی پروگرام کے تحت جلنے اورحادثات میں زخمی ہونے والوں کا بھی مفت علاج ہو گا، وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام کے لئے 9 ارب روپے جاری ہونگے ۔