08 جنوری ، 2016
کراچی ....مشتاق احمد سبحانی.... بھارت کے شہر جے پور میں منعقدہ بین الاقوامی فلمی میلے میںپاکستان کی جانب سے پیش کی گئی فلم ”منٹو“ کو بے حد پذیرائی حاصل ہوئی اور جیوری نے اسے دو مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز کا مستحق قرار دیا۔
ایک ایوارڈ بہترین اداکار کی کیٹیگری میں سرمدسلطان کھوسٹ کو دیا گیا جنہوں نے فلم کی ہدایات دینے کے علاوہ مرکزی کردار بھی نہایت عمدگی سے ادا کیا تھا۔اس فلم کو دوسرا ایوارڈ بہترین صدا بندی اور تدوین کی کیٹیگری میںدیا گیا۔
جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2016 کا انعقاد جنوری کی دو سے چھ تاریخ تک راجستھان کی’ پنک سٹی‘ جے پور میں ہوا جس میں دنیا کے ایک سو ممالک نے حصّہ لیا۔
پانچ دن تک جاری رہنے والے اس میلے میں 152فلمیں پیش کی گئیں جنہیں دنیا بھر سے مو صول ہونے والی دو ہزار ایک سو چھیتر فلموں سے منتخب کیا گیا تھا۔ان میں 35فیچر فلمیں، 17دستاویزی فیچر فلمیں، 58مختصر فلمیں، 17دستاویزی مختصرفلمیںاور 15مختصر اینی میشن فلمیںشامل ہیں۔
اس شاندار فلمی میلے کا افتتاح بھارت کے معروف ہدایت کار پرکاش جھا نے کیا جبکہ فیسٹول کا آغاز پاکستانی فلم ’منٹو‘اور بھارتی فلم ’پیکو‘کی نمائش سے ہواجبکہ اختتامی روز متحدہ عرب امارات کی فلم ’عراقی اوڈیسی‘ اور راجستھان میں بنائی گئی فلم ”سانکل“دکھائی گئیں۔
جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایرانی فلمیں نمایاں رہیں۔ اس کی جانب سے چار فیچر ، دو مختصر اور دو اینی میٹڈ فلموں کی نمائش کی گئی۔
میلے کے اختتام پرمنعقد کی جانے والی تقسیم اعزازات کی تقریب میں ایران نے چار ایوارڈز وصول کئے جبکہ فیسٹول میں مجموعی طور پر45 ایوارڈز دئیے گئے۔
جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا انعقاد 2009 سے باقاعدگی سے جاری ہے اور اب اسے ایک اہم فلمی میلے کی حیثیت حاصل ہوچکی ہے۔ فیسٹیول کا مقصد نئے فلم سازوں کو آگے لانا ہے۔