17 جنوری ، 2016
تہران........امریکہ اور ،یورپی یونین کی عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد دنیا نے معاشی اور تجارتی دروازے کھول دیئے، اور ایک اندازے کے مطابق ایران کےسوارب ڈالر سے زیادہ کے منجمد اثاثے بھی بحال ہوجائینگے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جوہری توانائی کے عالمی نگران ادارے نے رپورٹ دی ہے کہ ایران نے جوہری معاہدے پر عملدرآمد کے لیے تمام ضروری اقدامات پورے کر لیے ہیں جس کے بعد اس پر عائد بین الاقومی پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔ایران پر پابندیاں ختم ہونے کے بعد وہ اربوں ڈالر مالیت کے منجمد اثاثے حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی منڈی میں تیل بھی فروخت کر سکے گا۔
امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے ایران پر پابندیاں اٹھائے جانے کے اعلان کے بعد ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے ویانا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مذکورہ فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا ایران کے عوام کے لیے آج خوشی کا دن ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے بھی ایران پر امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ویانا میں بات کرتے ہوئے جان کیری نے کہا ایران نے اس حوالے سے بہت اہم اقدامات اٹھائے ہیں جس کے بعد امریکہ اور یورپی یونین نے فوری طور پر ایران پر عائد پابندیاں اٹھا لیں ہیں۔