20 جنوری ، 2016
تھرپارکر........تھر میں معصوم بچوں کی اموات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جنوری کے صرف 19 دنوں میں غذائیت کی کمی اور بیماریوں کے باعث انتقال کرنے والے بچوں کی تعداد68 تک جاپہنچی ہے، جبکہ سول اسپتال مٹھی میں 46 بچے اب بھی زیرعلاج ہیں ۔صحرائے تھر میں ننھے پھولوں کا مرجھانے کا سلسلہ جاری ہے۔
تھر کے مختلف علاقوں میں میں بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی اورخوراک کی کمی کے روز بروز سنگین اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ سول اسپتال مٹھی میں غذائیت کی کمی اور دیگرامراض میں مبتلا 46 بچے اب بھی زیر علاج ہیں۔ چھاچھرو، ڈیپلو اور اسلام کوٹ کے اسپتالوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر بچوں کو علاج کے لیے لایا جارہا ہے۔
بچوں کی اموات کے متعلق نہ پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کا نوٹس کام آیا اورنہ ہی وزرا کے شاہی قافلوں پر مشتمل دورے رنگ لا سکے۔ حکومت نےسول اسپتال مٹھی میں انتظامات بڑھانے کے بجائے بچوں کو دیگر شہروں میں منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔
ادھر غذائیت کی کمی اور دیگر بیماریوں میں مبتلا خواتین اور بچوں کے لیے مٹھی میں بحریہ ٹاون کی جانب سے دومیڈیکل یونٹ کام کررہے ہیں، جبکہ بحریہ دسترخوان میں روزانہ دو وقت کا کھانا بھی دیا جارہا ہے۔