01 جون ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت سیکیورٹی رسک سب کچھ ہوچکی ہے، سندھ کی تقسیم کی بات پیپلز پارٹی کو چبھتی ہے لیکن انہوں نے کبھی یہ بات نہیں کی۔ لاہور میں مال روڈ پر آتشزدگی کا شکار ہونے والے ایک اشاعتی ادارے کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت 4 سال میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہی حل کرلیتی، اس سلسلے میں سڑکوں پر احتجاج جاری ہے، پاکستان کے مسائل کا حل لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں ہے، شہباز شریف کا لوڈ شیڈنگ کے خلاف مینار پاکستان پر کیمپ قابل تحسین ہے۔ نواز شریف نے اسلام پورہ میں بابا گراوٴنڈ کا دورہ کیا اور وہاں ٹرف اور گھاس لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حائل ہونے کی وجہ سے وہ کور ڈرائیو نہیں لگاسکے۔ نواز شریف ریواز گارڈ ن نے تنویر پارک اور حفیظ پارک کا افتتاح بھی کیا اور بچوں کے ساتھ بیڈمنٹن بھی کھیلی۔