02 جون ، 2012
کینبرا … پاکستان اور سری لنکا کے بعد اب آسٹریلیا میں بھی سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پر کرکٹرز اور بورڈ کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، معاملہ حل نہ ہونے کی صورت میں آسٹریلین کرکٹرز انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈ ٹی 20 کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔ آسٹریلوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کرکٹ آسٹریلیا نے کھلاڑیوں کے معاوضوں کو کارکردگی سے مشروط کردیا ہے، اس کے علاوہ مختلف لیگ میں شرکت کے معاملے پر بھی سخت قوانین بنائے گئے ہیں جس پر کھلاڑیوں کو تحفظات ہیں۔ آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ پال مارش نے تصدیق کی ہے کہ اس معاملہ پر ان کی کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے، لیکن یکم جولائی تک معاملہ حل نہیں ہوا تو کھلاڑی انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔ آسٹریلوی اخبار کا دعویٰ ہے کہ کرکٹرز انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز یا ورلڈ ٹی 20 کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔