انٹرٹینمنٹ
16 فروری ، 2016

کیلیفورنیا:58ویں سالانہ گریمی ایوارڈزکا رنگا رنگ میلہ

 کیلیفورنیا:58ویں سالانہ گریمی ایوارڈزکا رنگا رنگ میلہ

لاس اینجلس .....امریکی ریاست کیلیفورنیا میں58ویں سالانہ گریمی ایوارڈز2016 ءکا رنگا رنگ میلہ سج گیاہے، جہاں ریڈ کارپٹ پر اداکاروں نے جلوے بکھیر کر تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

لاس اینجلس کے اسٹیپل سینٹر ایرینا میں منعقدہ اس شاندار تقریب میں ٹیلر سوئفٹ،سلینا گومیز، جونی ڈیپ، ایڈیل،جان لیجینڈ، جسٹن بیبر،اینا کینڈریک اور نامور ماڈل الیگزینڈرا ایمبروزیو سمیت بڑی تعداد میں فنکار شریک ہوئے جنہوں نے نت نئے فیشن سے مزین دلکش ملبوسات زیب تن کی ہوئی تھیں ، جیسے ہی ریڈ کارپٹ پر ہالی وڈ ستاروں کی آمدہوئی تو فوٹو گرافروں کو پوز دینے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔

سالانہ ایوارڈ تقریب میں مشہور ہپ ہاپ آرٹسٹ LL Cool Jنے اس سال پانچویں بارمیزبانی کے فرائض انجام دئیے جبکہ 11نامزدگیوں میں جگہ بنانے والے امریکی ریپر کینڈریک لامار نے 5 گریمی ایوارڈ جیت کر اپنے نام کرلئے اور بیسٹ ہالی وڈ فلم ساؤنڈ ٹریک فلم برڈ مین نے جیتا ۔

اس کے علاوہ ایڈ شیرین کے گیت’ تھنکنگ آؤٹ لاؤڈ‘کو سونگ آف دی ائیر کے ایوارڈ سے نوازا گیا اور ٹیلر سوئفٹ کی البم’1989‘کو البم آف دی ائیر جبکہ بیسٹ نیو آرٹسٹ کی حقدارمیگن ٹرینر قرار پائیں۔ ایوارڈ شو کا یہ رنگا رنگ میلہ رات گئے تک جاری رہا ،جس میں فنکار ایوارڈز جیتنے پر خوشی سے نہال دکھائی دئیے۔

مزید خبریں :