19 فروری ، 2016
لاس اینجلس ......یوں تو قدرتی آفات سے بچنا نا ممکن دکھائی دیتا ہے لیکن احتیاطی تدابیر سے بڑے پیمانے پر ہونیوالے نقصان کا خطرہ ٹل جاتا ہے۔
امریکی سائنسدانوں نے زلزلے کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے بھی ایک ایسا ہی حل پیش کیا ہے، جس میں ایسی موبائل فون ایپلیکیشن متعارف کرائی گئی ہے، جو زلزلوں کی پیشگی اطلاع دے گی ۔
’مائی شیک‘ نامی یہ ایپلیکیشن ریکٹر اسکیل پر 5 یا اس سے زائد شدت کے جھٹکوں کو محسوس کر سکتی ہے اور اگر 12 ہزار اسکوئر کلو میٹر کے علاقے میں300 اسمارٹ فون پر بھی یہ ایپلی کیشن کام کر رہی ہوتو اس علاقے میں 5 یا اس سے زائد شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کو نوٹ کیا جا سکتا ہے اسکے علاوہ ایپ رکھنے والے تمام صارفین کے موبائل فونز پر خطرے کا الارم بجا دیا جائے گا ۔
امریکہ کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ایٹ برکلے کے سائنسدانوں کی تیار کردہ یہ ایپ اسمارٹ فون کے ایکسیلرو میٹر کو استعمال کرتے ہوئے زمین میں ہونیوالے ارتعاش اور جی پی ایس کوآرڈینیٹس کی معلومات ایک مرکزی ڈیٹا بیس کو فراہم کر سکتی ہے جس کی بدولت زلزلے کا پتا چلایا جا سکتا ہے ۔
اینڈروائڈ صارفین کیلئے یہ ایپلیکیشن گوگل پلے پر دستیاب ہے، جبکہ آئی فون کے لئے بھی جلد متعارف کرا دی جائے گی ۔