04 جون ، 2012
کراچی … کراچی میں سر کاری ملازمین نے مستقلی کیلئے وزیراعلیٰ ہاوٴس جانے کی کوشش کی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی اور 20 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق نیشنل پروگرام فار امپروومنٹ آف واٹر کورسز کے ملازمین گزشتہ 3 ماہ سے پریس کلب کے باہر احتجاجاً بیٹھے ہیں، پیر کی سہ پہر ملازمین کی بڑی تعداد نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہاوٴس جانے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں ریڈ زون میں جانے سے روکا، احتجاج کرنے والوں نے خار دار تار عبور کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور 20 ملازمین کو حراست میں لے لیا، جنہیں آرٹلری میدان تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ این پی آئی ڈبلیو کے ملازمین کے مطابق سندھ کے نہری نظام کے 1300 ملازمین 7 سال سے مستقل کئے جانے کے منتظر ہیں، لیکن حکومت وعدے اور کمیٹیوں کی تشکیل کے سوا ان کیلئے کچھ نہیں کر رہی ہے۔