کھیل
26 فروری ، 2016

ایشیا ءکپ : بنگلا دیش نے یو اے ای کو51 رنزہرا دیا

ایشیا ءکپ : بنگلا دیش نے یو اے ای کو51 رنزہرا دیا

میر پور......ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کے تیسرے میچ میں بنگلا دیش نے متحدہ عرب امارات کو51رنز سے شکست دیدی ۔ یو اے ای کی ٹیم 134رنز کے ہدف کے تعاقب میں 82رنز تک ہی محدود رہی۔

شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کیلئے یو اے ای نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 133رنز بنائے ۔

بنگال ٹائیگرز کی طرف سے سومیا سرکار 21،محمد مٹھن 47اور محمد اللہ 36رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ یو اے ای کی طرف سے محمد شہزاد نے 3،امجد جاوید، روحان مصطفیٰ نے 2،2اور محمد نوید نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

ہدف کا تعاقب شروع کیا تویو اے ای کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں گرگئی۔ محمد کلیم صفر پر الامین حسین کا شکار بنے تو ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 2رنز تھا،25کے مجموعی اسکور پر روحان مصطفیٰ 18رنز بناکر مستفیض الرحمان کی ہاتھوں وکٹ کھو بیٹھے۔

اس کے بعد وکٹ گرنے کی لائین لگ گئی، صرف 34کے اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی،آئوٹ ہونے والوں میں شمیم انور1، محمد شہزاد 12بنا سکے جبکہ سواپنل پاٹل نے کوئی رن نہیں بنایا۔

اگلے 3اوورز میں یو اے ای کی ٹیم بنا کوئی وکٹ گنوائے اسکور میں صرف 11رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہی،جس کے بعد ایک بار پھر وکٹ گرنے کا عمل شروع ہوگیا۔ امجد جاوید3 اور فہد طارق صفررنز پر آئوٹ ہوگئے تو مہمان ٹیم کے 7کھلاڑی 46رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے، اس وقت ٹیم کی شکست یقینی ہوگئی، تاہم آخری 3 کھلاڑیوں نے اسکور میں 36رنز کا اضافہ کیا،یوں یو اے ای کی پوری ٹیم 17اعشاریہ 4اوورز میں 82رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

بنگلا دیش کی طرف سے تسکین احمد،مستفیض رحمان، مشرفی مرتضیٰ نے 2،2جبکہ شکیب الحسن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

مزید خبریں :