06 مارچ ، 2016
اسلام آباد...... کھیل کو کھیل سمجھو، اسے سیاست کا کھیل نہ بناؤ،پاک، بھارت ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلے کو انتہاپسندی کی نظر کرنے والے بھارتی نیتائوں کو پاکستان نے واضح اور دو ٹوک پیغام دے دیا،بھارت سے اعلیٰ ترین سطح پر کھلاڑیوں کے تحفظ کی یقین دہانی مانگ لی۔
دھرم شالہ میں میچ کرانے اور صحیح انتظامات کی ذمہ داری ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ ویر بہادر سنگھ کی ہے، جو نہ ویر نکلے نہ بہادر،پہلے انہوں نے سیکورٹی دینے پر ہاتھ کھڑے کردئیے،اب خربوزے کو دیکھ کر خربوزے نے بھی رنگ پکڑلیا،عام آدمی پارٹی بھی اس مقابلے پر جھاڑو پھیرنے پر اتر آئی۔
عام آدمی پارٹی نے بھارت میںکہیں بھی پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر اعتراض جڑدیا جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بیان کو نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ پاکستانی ٹیم کو دھرم شالہ جانا ہی نہیں چاہیے۔
کہتے ہیں کہ راج نیتی میں مردے گاڑے نہیں جاتے، انہیں زندہ رکھا جاتا ہے تاکہ وقت آنے پر وہ بول سکیں،بھارتی نیتائوں نے بھی اپنی نیتا گیری کے لیے کرکٹ کو کوڑا کرکٹ بناکر اپنی ذہنیت کے کوڑے دان میں پھینک دیا،لیکن یہ بھول گئے کہ بدبو صرف بھارت میں نہیں پوری دنیا کی ناکوں میں گھسے گی۔