13 جون ، 2016
رمضان کا مہینہ ہے، رحمتیں برس رہی ہیں، بادل بھی برسیں گے، محکمہ موسمیات نے خوش خبری سنائی ہے کہ مون سون کا موسم آگیا، اسی ہفتے برسات شروع ہوجائے گی، بیس فیصد زیادہ بارشیں ہوگی، سیلاب کا خطرہ منڈلارہا ہے، کراچی والوں کے حصے میں مون سون کا بجٹ بھی کم ہے، ٹھنڈی ہواؤں سے کام چلانا پڑے گا۔
اس سال مون سون بارشیں وقت سے پہلے یعنی رواں ہفتے شروع ہوجائیں گی۔ دورانیہ ہوگا 20 فیصد زیادہ، یعنی مون سون ختم بھی دیرسے ہوگا، رمضان المبارک میں موسم خوشگواررہےگا لیکن ہوشیا ر رہیں، محکمہ موسمیات نے متعلقہ حکام کوخطوط لکھ دیے کہ سیلاب کا خطرہ سرپر منڈلا رہا ہے، نشیبی علاقے زیر آب آسکتےہیں،صوبائی حکومتیں چیلنجز کامقابلہ کرنے کیلئےکمرکس لیں۔
محکمہ موسمیات نے مون سون کی شدت سے متعلق ہر صوبے کے چیف سیکرٹری،گورنرز اور چیف منسٹرز کو خط لکھا ہے، صوبائی حکومتوں کو آگاہ کیا ہے ان کے صوبے میں مون سون کی بارشیں کیسی ہوں گی،صوبوں کو تحریری طور پر مون سون کے ممکنہ خطرات سے بھی آگاہ کیا ہے تاکہ وہ اپنی تیاریاں مکمل کر لیں۔
کراچی والوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ ایک دودن نہیں تین سے چارروز ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔ بادل بھی جھوم جھوم آئیں گے۔
کراچی میں موسم کمفرٹیبل ہو گا،یہاں اگلے 3 سے 4 روز ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی، بادل چھائے رہیں گے، ابھی بارش کا امکان نہیں لیکن اگلے تین سے چار روز میں کچھ علاقوں میں بوندا باندی ہو سکتی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کےدوران اسلام آباد،راولپنڈی، مالا کنڈ، ہزارہ، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔