14 جون ، 2016
لاہور میں پسند کی شادی پر جلائی گئی زینت کیس میں ڈرامائی موڑ آگیا ،مقتولہ کے بھائی انیس نے پہلے اپنی بہن کو قتل کرنے کااعتراف کیا، پھر مکر گیا۔
دوسری جانب زینت کے شوہر حسن کاکہنا ہےکسی نے دباو ڈالا تو بھی قاتلوں کو معاف نہیں کروں گا ،مجھے اپنی بیوی کے قتل کا انصاف چاہئے۔
پولیس کے مطابق زینت کا بھائی انیس ابتدائی بیان سے مکرگیا،ملزم انیس نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زینت کو میں نے نہیں مارا،زینت چھوٹی بہن تھی،اس کو چھوٹی بچیوں کی طرح پالا۔
ملزم انیس کا کہنا تھاقتل کے وقت مجھے کمرے میں بند کردیا گیا، زینت کو میری ماں نے قتل کیا،اس کی موت پرروتا رہا۔
ایک سوال کے جواب میں اس نے کہا کہ زینت کے قتل کے بعد وہ خوفزدہ ہو گیا تھا اور وہ دوستوں کے کہنے پر فرار ہوا۔
واضح رہے کہ فیکٹری ایریا کے علاقے میں حسن نامی لڑکے سے پسند کی شادی پر زینت کو جلاکر ہلاک کردیا گیا تھا ، بیٹی کو زندہ جلانے کے الزام میں پروین بی بی اور اس کے داماد ظفر کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔