19 جون ، 2016
قومی عجائب گھر کراچی میں مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کے زیر استعمال رہنے والی نایاب گاڑیاں خستہ حالی کا شکار ہیں ۔
کارڈیلکسیری 62 اور مرسیڈیز200 نایاب اور خوبصورت گاڑیاں جن کا نام سنتے ہی دیکھنے کو دل چاہتا ہے۔پوری دنیا میں مشہور شخصیت کی استعمال شدہ اشیاء کو انتہائی حفاظت اور نفاست کے ساتھ محفوظ کیا جاتا ہے لیکن قومی عجائب گھر میں مادر ملت کی نایاب اور قیمتی گاڑیاں اپنی حالت زار پر خود ہی نوحہ کناں ہیں۔
یہ گاڑیاں کھنڈر نما چار دیواری میں کھڑی زمانے کے سرد گرم سہتے سہتے انتہائی خستہ حال ہوچکی ہیں ۔گاڑیاں بری طرح گل چکی ہیں اور عجائب گھر کے گیراج میں دھول مٹی سے اٹی کھڑیں ہیں ۔ مادر ملت نے اپنی پوری زندگی ملک و قوم کیلئے وقف کردی لیکن آج ان کی نشانیاں زبوں حالی کا شکار ہیں۔
یوں تو شہر کراچی میں بے شمار مسائل توجہ طلب ہیں لیکن مادرملت فاطمہ جناح کے زیر استعمال گاڑیوں کی حالت زار اور قیمتی گاڑیوںمیں سفر کرنے والے حکمرانوں کی توجہ کی طالب ہے۔