20 جون ، 2016
نجی میڈیا پر پابندی کے معاملے پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سخت رویہ اختیار کیا تو اپوزیشن میڈیا سے اظہار یکجہتی کے لیے ایوان سے واک آئوٹ کرگئی۔
صحافیوں نے اسمبلی کے باہراحتجاج کیا، اسپیکر اسمبلی آغا سراج نے کہا کہ کیمرہ اسمبلی میں لانے پر پابندی عارضی ہے،سیکورٹی سیٹ اپ بہتر ہونے پرنظر ثانی کی جائے گی۔
سندھ اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا پر عائد پابندی کے حوالے سے کہا کہ میڈیا کے ساتھ ہتک آمیز رویے کے خلاف اپوزیشن کے موقف کو دبایا گیا ہے، اپوزیشن کے احتجاج کو چھپانے سے کچھ نہیں ہوگا،میڈیا کب تک صرف حکومت کے تین وزرا کو دکھائے گا ۔
اپوزیشن لیڈر کی تقریر پر اسپیکر اسمبلی آغاسراج کو بھی غصہ آگیا، انہوں نے کہا کہ کیمرہ اسمبلی میں لانے پر پابندی عارضی ہے،حالات کو دیکھنے کے بعد کیمروں کو اندرآنے کی اجازت دوں گا۔انہوں نے کہاجیمز بانڈ کے بیٹے جیسی حرکات کی اسمبلی میں اجازت نہیں،سیکیورٹی میں خود مانیٹرکرتا ہو ں ،اسماعیل راہو اور نند کمار وفاقی حکومت کے اتحادی ہیں وہاں بھی کیمرے پر پابندی کا مسئلہ حل کرائیں۔
بعد میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے میڈیا سے اظہار یکجہتی کیلئے ایوان سے واک آؤٹ اور صحافیوں کے احتجاج میں شرکت کی ۔صحافیوں کاکہنا تھا کہ سیکورٹی کی آڑ میں میڈیا نمائندوں کی تذلیل کی جارہی ہے۔