26 جون ، 2016
غیر فعال الیکشن کمیشن آف پاکستان اچانک حرکت میں آگیا، ووٹر لسٹیں اپ ڈیٹ کرنے کا خفیہ پروانہ جاری کر دیا، صوبائی الیکشن کمیشنوں کو خطوط لکھ کر آگاہ بھی کردیا مگر ووٹر لسٹیں اپ ڈیٹ کرنے کی خبر نہ عوام تک پہنچی نہ ہی میڈیا میں آنے دی گئی۔
الیکشن کمیشن نامکمل ہے مگر کمیشن کے آئینی اختیارات کا استعمال مسلسل جاری ہے، الیکشن کمیشن غیرفعال ہونے کے صرف 2 دن بعد 14 جون کو ووٹر فہرستوں کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
آئین کے آرٹیکل 219 کے تحت ووٹر فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن کوحاصل ہے، ممبران کی ریٹائرمنٹ کے بعد 12 جون سے الیکشن کمیشن غیرفعال ہے، ووٹر فہرستیں عوامی نوعیت کا عمل ہونے کے باوجود شیڈول کو عوام اور میڈیا سےخفیہ رکھا گیا۔
انتخابی فہرستیں مرتب کرنے کے لیے تدریسی عملہ کی فہرستیں مرتب کرنے کا کام بھی صوبائی الیکشن کمشنرزکو سونپ دیا گیا، نادرا کو تمام ضلعی الیکشن کمشنرز اورریٹرننگ افسران کو سینسز بلاک کوڈ اور انتخابی ایریا کے مطابق فہرستیں فراہم کرنے کی ہدایات بھی شیڈول میں موجود ہیں۔
نادرا منسوخ شدہ، انتقال کرنے اور شہریت سے دستبردار ہونے والوں کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کرکے فہرستیں فراہم کرے گا، انتخابی فہرستوں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ 8300 سروس بھی اپ گریڈ کی جائے گی۔